چلو چلو دبئی چلو۔۔امارات میں6.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری،75 ہزار ملازمتیں

Sep 13, 2021 | 21:04:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات نے اپنے 50 منصوبوں کے اقدام کے حصے کے طورپرآیندہ 5 سال کے دوران میں نجی شعبے میں6.5 ارب ڈالر (24 ارب اماراتی درہم) کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس سے اماراتی شہریوں کے لیے 75,000 ملازمتیں پیداہوں گی۔

العریبہ اردو کی ویب رپورٹ کےمطابق اماراتی حکومت نے اتوارکو نجی شعبے میں ملازمتوں کے اس منصوبے کی مزید تفصیل جاری کی ہے اورکہا کہ وہ اس مدت کے دوران میں نجی شعبے میں شہری ملازمین کے لئے ریٹائرمنٹ فنڈ میں آجرکی زیادہ ترشراکت برداشت کریگی۔متحدہ عرب امارات نجی شعبے میں مخصوص کام کرنے والے شہریوں کی مدد کے لئے وظیفے کا ایک پروگرام مختص کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔اس میں پروگرامرز، نرسیں اور اکاؤنٹینٹس وغیرہ شامل ہیں۔ان میں ہرایک کو اگلے پانچ سال میں ان کی باقاعدہ تنخواہوں کے علاوہ قریباً 1,361 ڈالر (5,000 اماراتی درہم) ماہانہ ایک مقررہ بونس اداکیا جائیگا۔حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہےکہ وہ تربیتی مدت کے دوران میں پورے ایک سال تک نجی شعبے میں کام کرنے والے اپنے شہریوں کی تربیت کے اخراجات برداشت کریگی۔اماراتی یونیورسٹی کے طلبہ کو قریباً 2178 ڈالر (8000 اماراتی درہم) ماہانہ تنخواہ ادا کی جائے گی۔اماراتی حکومت مختلف شعبوں میں شہریوں کے لیے خصوصی تربیتی پروگراموں پرقریباً 27 کروڑ 20 لاکھ ڈالر (1 ارب درہم) اورقریباً 6 کروڑ80 لاکھ ڈالر (25امارتی درہم) مختص کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔اس کے علاوہ نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتی شہریوں کو فی بچّہ قریباً 217 ڈالر (800 درہم) الاؤنس دیا جائے گا۔یہ رقم مجموعی طورپر زیادہ سے زیادہ 980 ڈالر (3600 درہم) تک ہوگی۔

واضح رہےکہ متحدہ عرب امارات اپنے قیام کے50 سال پورے ہونے کے موقع پر مختلف شعبوں میں ترقیاتی اور اقتصادی منصوبے شروع کررہاہے۔ان کا مقصد اگلے 50 سال کے لیے متحدہ عرب امارات کو سرمایہ کاری اور معاشی تخلیقی صلاحیتوں کا عالمی مرکز بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک، ترک اور آذر فوجی مشقوں’ برادر ہڈ‘ کی افتتاحی تقریب، خوبصورت ویڈیو ضرور دیکھیں
 

مزیدخبریں