علی وزیر کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علی وزیر کی درخواست ضمانت پر گزشتہ سماعت میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔عدالت نے علی وزیر کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی ہے۔
علی وزیر کیخلاف کراچی کے ضلع جنوبی کے بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج ہے اور ان پر اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزامات ہیں۔علی وزیر کی اب تک چار مقدمات میں ضمانت منظور ہوچکی ہے۔اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے علی وزیر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ علی وزیر کیخلاف ایف آئی آر درج کی تھی جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 120 بی، 153 اے، 505 (2)، 188 اور 34 شامل کی گئی تھیں اور انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ رکن قومی اسمبلی علی وزیر 31 دسمبر 2021 سے کراچی کی مرکزی جیل میں قید رہے۔