بھارت سے شکست پر شاہد آفریدی داماد شاہین سےناخوش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں ریزرو ڈے پر بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی، بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی تھی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں شاہد آفریدی نے بھارت سے شکست پر بات کرتے ہوئے پاکستانی بولرکی غلطیوں کی نشاندہی کی،قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کے خلاف بدترین شکست پر داماد شاہین آفریدی پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔
سابق کپتان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف شاہین شاہ کی بولنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہین کو اپنی بولنگ لائن اور لینتھ پر مستقل مزاج ہونا پڑے گا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ اگر آپ نے 1، 2 اوور میں وکٹیں نہیں لیں تو آپ خود سے ناراض ہوجائیں یہ ایکسکیوز نہیں دی جاسکتی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پچ اچھی تھی لیکن آپ نے بولنگ اچھی نہیں کی، آپ کو گیند اچھی جگہ کرنی چاہیے تھی۔
سابق کپتان نے نسیم شاہ کی بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہین نے نسیم کی لینتھ پر گیند کیوں نہیں کی ؟ مجھے لگتا ہے کہ میچ شروع ہونے کے 20 سے 25 اوور بعد بھارت میچ جیت چکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا کہ ہم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کیوں کی؟میرے خیال میں اگر پاکستانی ٹیم بولنگ لائن صحیح طریقے سے دکھاتی جیسی بولنگ نسیم شاہ نے شروع کی اور ہم جیسی شاہین سے امید لگا رہے تھے کہ وہ شروعات میں وکٹ لیتے تو صورتحال کچھ اور ہوتی۔
اسٹار آل راؤنڈ نے مزید کہا کہ شاہین کی لائن اور لینتھ میچ میں ٹھیک نہیں تھی، جہاں وہ بال کرنا چاہ رہے تھے ان سے وہ نہیں ہوئی اور شروع کے اوورز میں اگر شاہین کو وکٹ نہ ملے تو انہیں فرسٹریشن ہوجاتی ہے کیوں کہ ان کی اہمیت ایک ایسی بن چکی ہے وہ شروعات میں وکٹ لیتے ہیں،شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب پھر آئیں اور دوبارہ فوکس کریں۔