محسن نقوی نےچھوٹے گھروں پر کوڑا ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(در نایاب)نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی لاہور ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کی چھوٹے گھروں پر کوڑا ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی، بڑی سوسائٹیوں پر کوڑا ٹیکس لگے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی بدھ کے روز ایل ڈبلیو ایم سی ہیڈ آفس گئے، ایل ڈبلیو ایم سی عملے سے ملاقات ،کنٹرول روم ،آپریشن روم کامعائنہ کیا اور کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لینے سےمتعلق اجلاس کی صدارت کی،کمیٹی روم میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے بریفنگ دی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے پانچ مرلہ سے اوپر مفت کوڑا کلیکشن سروس کو بند کرنے کی ہدایت دی،جبکہ کوڑا اکٹھا کرنے کی مد میں سروس چارجز وصولی کا حکم دے دیا،لاہور شہر کے 4سے 10 علاقوں سے کلیکشن فیس جمع کرنے ،گھروں پر فیس وصولی کے لئے ٹیرف تجویز کرنے،5 مرلے سے اوپر کاروباری مراکز سے 50 روپے ماہانہ کی بجائے500 وصول کرنے،ایل ڈبلیو ایم سی کے دفتر کو سرکاری بلڈنگ میں منتقل کرنے اور وزیراعلی نے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کو سنجیدگی سے شروع کرنے کا حکم دیا، جبکہ بلڈنگ کو سرکاری عمارت میں منتقل کرنے سے 30 لاکھ سے زائد ماہانہ بچت ہوگی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر عامرمیر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے شرکت کی، چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی سردار اسلم وڑائچ،سیکرٹری پی اینڈ ڈی، اجلاس میں سیکرٹری فنانس،کمشنرلاہور،ڈپٹی کمشنر او رمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا،وزیراعلی نے ون ونڈو سیل میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پرپیشرفت دریافت کی، انہوں نے شہریوں کا درخواستیں نمٹانے کے حوالے سے اطمینان کا اظہارکیا۔
محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے،بعض سائلین نے منشاء بم اور قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کیں،وزیر اعلی نے متاثرہ شہریوں کو کمیٹی روم میں بلایا اور ہر ایک کے مسئلے کو خود سنا،متاثرہ شہریوں نےمنشاء بم قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔
فوری ایکشن لینے کے لیے سی ایم پنجاب محسن نقوی نے سی سی پی او لاہور کو ایل ڈی اے آفس بلایا،محسن نقوی نے فی الفور منشاء بم اور دیگر قبضہ گروپس کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا اور سی سی پی او لاہور اور ایل ڈی اے کو بلاتاخیر کارروائی کرنے کی ہدایت دیدی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ متاثرین کو حق دلوائیں گے، کسی سے زیادتی نہیں ہو گی، منشاء بم اور اس طرح کے دیگر قبضہ مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا ،قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن ہو گا۔
وزیر اعلی نے ایل ڈی اے کے پورے سسٹم کو ڈیجٹلائزڈ کرنے کا پلان طلب کر لیا،کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے نے وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ دی۔