آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا ترکیہ کا دورہ، پرتپاک استقبال

Sep 13, 2023 | 19:58:PM

(24 نیوز)چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے ترکیہ کا دورہ کیا،دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔


آرمی چیف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، وزرائے خارجہ اور دفاع، ترک جنرل سٹاف کے کمانڈر اور ترکیہ کی بَری اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف کو وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک رہنماؤں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔


 آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے ترک ا فوج کی کوششوں کو سراہا اور ترکیہ کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے معیار کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے،پاک فوج ترکیہ کی بَری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹریفک اہلکار کو شہری کے چالان پر نام کی جگہ گالی لکھنامہنگا پڑگیا،بڑی سزا مل گئی

مزیدخبریں