دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی ہر اول دستہ اور ہمارا سرمایہ ہے: محسن نقوی

Sep 13, 2024 | 10:34:AM

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی پنجاب ہر اول دستہ اور ہمارا سرمایہ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے،محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سی ٹی ڈی پنجاب کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے بروقت کامیاب آپریشن کرکے فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے انتہائی پروفیشنل انداز میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے ڈی جی خان میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنایا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والی سی ٹی ڈی پنجاب کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے ہمیشہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پر فخر ہے، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی پنجاب ہر اول دستہ ہے اور یہ فورس ہمارا سرمایہ ہے۔ 

مزیدخبریں