خیرپور ناتھن شاہ :سکول جانے والے بچے خطرناک پل سےگزرنے پر مجبور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فیاض جعفری) خیرپور ناتھن شاہ کے نواحی گاؤں آڈھو خان گاڈھی میں سکول کے بچوں کو خطرناک پل سے گزر کر سکول جانا پڑتا ہے جس کے باعث متعدد بار حادثات بھی پیش آ چکے ہیں، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اس پل پر سے گذرنا کسی خطرے سے خالی نہیں ہے۔
خیرپور ناتھن شاہ کا نواحی گاؤں آڈھو خان گاڈھی دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، 5 ہزار کی آبادی پر مشتمل گاؤں کے باسی آج بھی زمانہ قدیمی جیسی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
پختہ سڑکیں نہ ہونے سے اہل علاقہ مشکلات سے دو چار ہیں جبکہ گاؤں میں کینال کی پشتوں پر بنی انوکھا پل پار کرنا بھی کسی خطرے سے خالی نہیں ہے، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی بار اس پل کو پار کرتے بچے نہر میں گر کر ڈوب گئے ہیں، انتظامیہ کو بارہا شکایات کی لیکن کسی نے توجہ نہیں دی ۔ کٹھن راستہ طے کرنے والے یہ سکول کے چھوٹے چھوٹے بچے اپنی جان پر سے کھیل کر سکول جاتے ہیں۔
مشکل ترین راستہ اور خطرناک پل پار کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ہے، علاقہ مکینوں کا مزید کہنا ہے کہ برسوں سے گاؤں بجلی اور گیس جیسی نعمت سے بھی محروم ہیں، گاؤں میں 100 فٹ کی دوری پر گیس پائپ لائن ہونے کے باوجود گیس کی سہولت سے محروم ہیں، اہل علاقہ نے بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت پل کی تعمیر نو کا مطالبہ کیا۔