(24نیوز)کراچی میں کار ساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کے خلاف منشیات استعمال کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے ملزمہ نتاشا کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
یاد رہے کہ 11 ستمبر بروز بدھ کے روز کراچی شرقی کی عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کار ساز حادثہ کیس کی ملزمہ کی منشیات کے استعمال کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر سماعت کے بعد فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سیشن عدالت کے جج نے کہا تھا کہ ملزمہ نتاشہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ 13 ستمبر کو سنایا جائے گا تاہم اب عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ نتاشہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ پر آئس کے استعمال کے الزام کے پیشِ نظر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ 6 ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی جبکہ منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔
کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے ملزمہ کے خلاف کیس کی سماعت کی تھی۔
سماعت کے دوران ملزمہ نتاشہ دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان طے پانے والا حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ہم نے بغیر کسی دباؤ کے اللہ کے نام پر ملزمہ کو معاف کیا۔
خیال رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا،حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جبکہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔
21 اگست کو سٹی کورٹ کراچی نے کار ساز ٹریفک حادثے کے کیس میں ملزمہ نتاشا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
23 اگست کو کارساز سروس روڈ حادثے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی تھی جس میں پتا چلا کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا۔
29 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں تفتیشی حکام نے مقدمے میں مزید دفعات شامل کرنے کے لیے قانونی مشاروت شروع کردی تھی جبکہ 28 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی میڈیکل رپورٹ تفتیشی حکام کو موصول ہوگئی تھی، پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ یورین رپورٹ میں ملزمہ کے آئس استعمال کرنے کے شواہد ملے ہیں۔
31 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا دانش پر منشیات استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
2 ستمبر کو کراچی پولیس نے کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزمہ نتاشہ دانش کو عدالت میں پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
4 ستمبر کو کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کارساز حادثہ کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرلی تھی جب کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔