چوتھی بیٹی کی پیدائش پرخاندان والوں نے افسوس کےساتھ مبارکباد دی،عدنان ٹیپو

دل میں کبھی بیٹے کی خواہش پیدا نہیں ہوئی،اللہ نے اولاد سے نوازایہی بہت بڑی بات ہے

Sep 13, 2024 | 14:02:PM

(ویب ڈیسک)معروف اداکارعدنان شاہ ٹیپونے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے ہاں چوتھی بیٹی کی پیدائش پراُن کے خاندان والوں نے افسوس کے ساتھ مبارکباد دی تھی۔

عدنان شاہ ٹیپوحال ہی میں اپنی اہلیہ حاجرہ شاہ کے ہمراہ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شریک ہوئے جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئرسمیت نجی زندگی پر بھی گفتگوکی۔

شو کی میزبان نے عدنان شاہ ٹیپو سے سوال کیا کہ آپ ایک اداکار ہیں تو کیا اس سے آپ کی بیٹیوں کو اسکول میں فائدہ ہوتا ہے کہ اُن کے والد اداکار ہیں؟اس سوال کے جواب میں عدنان شاہ ٹیپو نے کہا کہ فنکاروں کے بچوں کواسکول میں جہاں فائدہ ہوتا ہے تو وہیں کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے کیونکہ اس طرح دوسرے بچوں میں احساس کمتری ہوتا ہے اور وہ فنکاروں کے بچوں کو تنگ کرتے ہیں۔

عدنان ٹیپو کی اہلیہ نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کو اسکول میں بہت زیادہ تنگ کیا جاتا ہے،میری تو حکومت سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان میں ایسے اسکولز بنائیں جہاں صرف سلیبریٹیز کے بچے زیرِتعلیم ہوں کیونکہ مجھے اور میری بیٹیوں کو بہت کچھ سہنا پڑتا ہے۔

شو کے دوران عدنان ٹیپو نے کہا کہ جب ہمارے ہاں چوتھی بیٹی کی پیدائش ہوئی تو خاندان کی ایک خاتون نے افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہائے! تمہارے گھر چوتھی بار بھی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے،یہ بات سُن کرمیں نے اُن سے پوچھا کہ آپ میری بیٹی کی پیدائش پرافسوس کررہی ہیں یا مبارکباد دے رہی ہیں؟

معروف اداکار کی اہلیہ نے کہا کہ ہم نے اُنہیں جواب دیا کہ کیا آپ ہمارے گھر میں آٹا،چاول، دال اور راشن ڈالتی ہیں؟،ہم خود اپنی بیٹیوں کو پالیں گے۔

عدنان شاہ ٹیپو نے مزید کہا کہ بیٹیاں تو اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہوتی ہیں،اللہ پاک کا شکر ہے کہ میرے دل میں کبھی بیٹے کی خواہش پیدا نہیں ہوئی، اللہ پاک نے مجھے اولاد سے نوازا ہے یہی میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔

مزیدخبریں