بھارت میں کورونا بے قابو۔۔۔ متعدد ریاستوں میں رات کا کرفیو نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت میں گذشتہ چند روز سے کورونا وائرس کے کیسوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ کورونا کی بڑھتی ہوئی شدت پر قابو پانے کے لئے متعدد ریاستوں نے تازہ پابندیاں اور رات کا کرفیو نافذ کردیا ہے۔کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کے درمیان ہریانہ حکومت اور مدھیہ پردیش حکومت نے رات کو کورونا کرفیو کا حکم دے دیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق ہندوستان نے کووڈ۔19 کے بڑھتے کیسوں کی تعداد کے ساتھ ہی برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، بھارت کو بھیانک لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے نمٹنے کے لئے پورے ملک کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ منگل کے روز ہندوستان میں کووڈ۔19 کے 1,61,736 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 879 اموات درج کی گئی ہیں۔دریں اثنا مہاراشٹر، دہلی، پنجاب اور دیگر ریاستوں سمیت متعدد دیگر شہروں میں نائٹ کرفیو پہلے ہی سے نافذ ہے۔وزیر داخلہ اور وزیر صحت انیل وج نے بتایا کہ ہریانہ میں شام 9 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا جو اگلے احکامات تک نافذ رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ دن بعد اس صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد نائٹ کرفیو کو جاری رکھنے سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز ہریانہ میں 3,818 واقعات ریکارڈ کئےگئے ہیں۔ جو تقریبا پانچ مہینوں میں سب سے زیادہ ہے۔پچھلے کئی دنوں سے ریاست میں متعدد اضلاع میں روزانہ اضافے کا رجحان رہا ہے۔ گڑگاوں، کرنال، کوروکشترا اور فرید آباد سمیت متعدد اضلاع میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔مدھیہ پردیش نے بھی پیر سے ریاست میں نائٹ کرفیو کا اعلان کیا تھا اور وہ 19 اپریل تک نافذ العمل رہے گا۔مہاراشٹرملک میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں سے ایک ہے۔ یہاں گذشتہ روز کورونا وائرس کے 51,751 تازہ ترن مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور 258 اموات کی اطلاع ملی۔ریاست میں روزانہ رات 8 بجے سے صبح 7 بجے تک کرفیو رہتا ہے اور اختتام ہفتہ کو مکمل لاک ڈاؤن ہوتا ہے۔ اترپردیش کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ متھرورا ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر نائٹ کرفیو نافذ کردیا ہے، جو ہر رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔ گورکھپور ضلعی انتظامیہ نے ہفتے کے روز بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسوں کے تناظر میں 18 اپریل تک نائٹ کرفیو نافذ کردیا۔لکھنؤ، کانپور، گوتم بدھ نگر، الہ آباد، میرٹھ، غازی آباد اور بریلی سمیت متعدد اضلاع میں نائٹ کرفیو پہلے ہی نافذ ہے۔کرناٹک میں پہلے ہی 11 دن کے ’کورونا کرفیو‘ کی زد میں ہے۔ تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔ صرف ضروری خدمات کے ساتھ مریضوں اور مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ریاستی حکومت نے بنگلور، میسور، منگلور، کالابوراگی، بیدار، تماکورو، اڈوپی-منیپال شہروں میں 10 سے 20 اپریل تک ہر دن رات 10 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔بھارتی دارالحکومت دہلی میں بھی 30 اپریل تک شام 10 بجے سے صبح 5 بجے تک رات کا کرفیو نافذ ہے۔ دہلی میں اتوار کو کورونا کے تازہ ترین 10,774 کیس درج کیے گئے ہیں۔ جو آج تک ایک دن میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اختلافات اور فرقہ پرستی کو ختم، اتحاد پیدا کیاجائے، شاہ سلمان