بھارت: سپریم کورٹ نے قرآن پاک سے آیات نکالنے کی درخواست مسترد کر دی

Apr 14, 2021 | 10:46:AM

(24 نیوز)بھارت کی سپریم کورٹ نے ایک مسلمان شہری کی جانب سے دائر کردہ  قرآن پاک سے آیات نکالنے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار پر 50 ہزار روپےجرمانہ  عائد کر دیا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہری وسیم رضوی نے گذشتہ ماہ بھارتی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں وسیم رضوی نے بھارتی سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ قرآن مجید سے 26 آیات کو ہٹا دیا جائے۔وسیم رضوی نے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان آیات میں جہاد کا ذکر ہے، جہاد سے متعلق قرآن کے اس بیان سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کو فروغ ملتا ہے اور یہ سب بھارت کی سالمیت کے لئے خطرہ ہے لہٰذا ان آیات کو قرآن مجید میں سے ہٹادیا جائے۔بھارتی سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے وسیم رضوی کی اس درخواست پر سماعت کی جس کے بعد اس درخواست کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور ساتھ ہی فیصلے میں وسیم رضوی پر50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کردیا۔دوران سماعت بھارتی سپریم کورٹ کے جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر سنجیدہ درخواست ہے، کیا درخواست گزار کے وکیل اس درخواست سے متعلق سنجیدہ ہیں؟ جس پر وسیم رضوی نے اس درخواست کے حق میں دلائل دینے کے بجائے بھارت میں اسلامی مدارس اور ان میں دی جانے والی تعلیم کے معاملے پر بحث شروع کردی جسے بنچ نے غیر ضروری دلائل قرار دے کر مسترد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم 16 اپریل کو سکھر اورکراچی کا دورہ کریں گے
 

مزیدخبریں