(24 نیوز) ویب سائٹ فیس بک نے رمضان المبارک کی مناسبت سے نئی مہم #MonthOfGood ’اچھا مہینہ‘ کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ’اچھا مہینہ‘کے نام سے مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔اس مہم کا مقصد دنیا بھر میں رمضان المبارک کی اہمیت و افادیت بیان کرنا اور صارفین کو اچھے کاموں کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ وہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اچھے کاموں کو فروغ دے سکیں۔فیس بک کمپنی نے وضاحت کی کہ رمضان المبارک کے حوالے سے واٹس ایپ پر نئے اسٹیکرز کا اجرا کیا گیا جبکہ انسٹاگرام پر بھی ’اچھا مہینہ‘ کے نام سے مہم شروع کی گئی ہے۔اس مہم کے علاوہ فیس بک کی جانب سے رمضان المبارک کے حوالے سے نئے اسٹیکرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جن کو میسنجر پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فیس بک نیوز روم نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ گزشتہ برس ہماری کمیونٹی نے ‘Happy Ramadan ‘ کی مہم کے دوران 2 کروڑ سے زائد فیس بک پر پوسٹس شیئر کیں اور اتنے ہی کمنٹس کا تبادلہ کیا گیا‘۔ فیس بک کمپنی کے مطابق گزشتہ برس عید کے پہلے روز فیس بک کی زیر ملکیت موبائل اپیلیکیشن واٹس ایپ کی ویڈیو کالز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا۔ فیس بک کمپنی نے کہا کہ کرونا کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باوجود رمضان المبارک کے مہینے میں اچھے کام کرنے اور دوسروں کی مدد کرنے کا اہم موقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم 16 اپریل کو سکھر اورکراچی کا دورہ کریں گے