(24نیوز) سیشن کورٹ نے اشتعال انگیز تقریر کے کیس میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے جاوید لطیف کی عبوری ضمانت میں 27 اپریل تک توسیع کر دی۔ عدالت نے لیگی رہنما کی حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج واجد منہاس نے اشتعال انگیز گفتگو کے کیس میں جاوید لطیف کی عبوری ضمانت کی سماعت کی۔ لیگی رہنما کے وکیل نے کورونا رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ مثبت آئی جس کے بعد جاوید لطیف نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ درست نہیں لگ رہی، اگر غلط ہوئی تو سزا بھی ہو سکتی ہے، جس پر جاوید لطیف کے وکیل نے کہا کہ اسکی تصدیق کروا لی جاٸے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کورونا کی دوسری رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ عدالت نے سماعت 27 اپریل تک ملتوی کرتے ہوٸے عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔واضح رہے جاوید لطیف کے خلاف تھانہ ٹاون شپ میں ریاست مخالف بیان بازی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کیخلاف نیب ریفرنسز پر سماعت پھر ملتوی !!!