پارٹی فنڈنگ کیس :تحریک انصاف کو الیکشن کمیشن سے بڑا ریلیف مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی غیرملکی پارٹی فنڈنگ کا ریکارڈ درخواستگزار اکبر ایس بابر کو فراہم کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا۔دونوں فریقین کو 8 روز تک صبح دس بجے سے دوپہر تین بجے تک ریکارڈ کا جائزہ لینے کی اجازت ہو گی،اکبر ایس بابر صرف سکروٹنی کمیٹی اجلاس میں ہی پی ٹی آئی کا جمع کرایا گیا ریکارڈ دیکھ سکیں گے۔الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو مئی کے آخر تک تحقیقات مکمل کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
غیرملکی پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو الیکشن کمیشن سے بڑا ریلیف مل گیا،سکروٹنی کمیٹی میں جمع کرائے گئے پی ٹی آئی کے اکائونٹس کا ریکارڈ فراہم کرنے کی اکبر ایس بابر کی درخواست خارج کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کو صرف کمیٹی میں ریکارڈ کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا،الیکشن کمیشن فیصلے کے مطابق دونوں فریقین کو 8 روز تک ریکارڈ کا جائزہ لینے کی اجازت ہوگی،دونوں فریقین کے دو چارٹر اکاؤنٹنٹس اور مالیاتی ماہرین ریکارڈ کا جائزہ لے سکتے ہیں،اکبر ایس بابر ہفتے میں دو دن صبح دس بجے سے دوپہر تین بجے تک ریکارڈ دیکھ سکیں گے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فریقین دستاویزات کے جائزے کیلئے دو تکنیکی ماہرین کے نام فراہم کریں،سکروٹنی کمیٹی کے سربراہ ڈی جی لاء ریکارڈ کا جائزہ لینے کے وقت موجود ہونگے اور ریکارڈ کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے ریکارڈ کو خفیہ رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے تاہم الیکشن کمیشن نے اب ہمیں ریکارڈ تک رسائی دے دی۔ توقع ہے اسکروٹنی کمیٹی اب الیکشن کمیشن کے احکامات پر عملدرآمد کروائے گی۔الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو مئی کے آخر تک اپنا کام مکمل کرکے حتمی رائے دینے کی بھی ہدایت کر دی۔