وزیراعظم نے تحریک لبیک پر پابندی کی سمری منظور کرلی

Apr 14, 2021 | 22:52:PM
وزیراعظم نے تحریک لبیک پر پابندی کی سمری منظور کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کی وزارت داخلہ کی سمری منظور کر لی، وفاقی کابینہ 24 گھنٹوں میں سرکلر سمری کے ذریعے ٹی ایل پی پر پابندی لگانے کی منظوری دے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے تنظیم پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔ہم نے پابندی سے متعلق سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی ہے،انسداد دہشتگردی کے ایکٹ 1997 کے رولز 11 بی کے تحت تحریک لبیک پر پابندی لگائی جائے گی۔
شیخ رشید نے کہاکہ یہ لوگ وہ مسودہ چاہ رہے تھے جس سے پاکستان کا انتہا پسندی کا تاثر جائے اور سارے لوگ یہاں سے فارغ ہو جائیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تھانے پر حملے کئے گئے پولیس والوں کو اغواکیا گیا۔جن پولیس والوں کو اغوا کر کے مطالبات کئے جارہے تھے وہ اہلکارواپس تھانے پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ سوشل میڈیا پر بتا کر آتے تھے کہ کون سی سڑکیں بند کرنی ہیں،سوشل میڈیا کے ذریعے سڑکوں پر بے امنی پھیلانےوالوں کا قانون پیچھا کرے گا۔مذہبی جماعت کے سوشل میڈیا چلانےوالے لوگ سرینڈر کردیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم قرار داد اسمبلی میں اتفاق رائے سے پیش کرنا چاہتے تھے لیکن مظاہرین ہر صورت فیض آباد اوراسلام آبادآنا چاہتے تھے،اس ملک میں ختم نبوت کو کوئی ڈر نہیں ہے۔جی ٹی روڈ مکمل طور پر بحال ہے، موٹر وے بحال ہے۔دو پولیس والے اور تین لوگ شہید ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا تحریک لبیک پر پابندی لگانے کا فیصلہ