(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کی پیشکش کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یہ پیشکش ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد کے دورے کے موقع پر کی اس دوران انہوں نے متحدہ سے اسپیکر کی نشست پر تعاون بھی مانگا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق اور صوبے کو مل کر چلنا ہوگا ، سندھ اور خصوصا کراچی کی ترقی کے لیے ایم کیو ایم کو ہر مشاورتی عمل میں شامل رکھا جائے گا ، ایم کیو ایم کے لیے ڈپٹی اسپیکر کی سیٹ حاضر ہے ، امید ہے اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب میں بھی ایم کیو ایم کا تعاون جاری رہے گا ۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم نے بڑا فیصلہ کرلیا
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کے لیے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچے تھے جہاں ایم کیو ایم قیادت نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئیر ڈپٹی کنوینر عامر خان، سید امین الحق، ڈاکٹر فروغ نسیم اور کنور نوید جمیل کے علاوہ اراکینِ قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، مولانا اسعد محمود، احسن اقبال اور دیگر نے شرکت کی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔