(24 نیوز) آسمانی مشاہدے کا شوق رکھنے والے آئندہ ہفتے میں ایک زبردست نظارے کےلیے تیار رہیں کیونکہ نظامِ شمسی کے چار سیارے یعنی زحل، مریخ، زہرہ اور مشتری ایک سیدھ میں آجائیں گے۔
آسمان میں تین یا زیادہ سیارے ایک سیدھ میں دکھائی دینے لگیں تو وہ منظر ’’سیاروں کی پریڈ‘‘ کہلاتا ہے۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق ان سیاروں کے سیدھ میں آنے کا سلسلہ 17 اپریل سے شروع ہوگا۔
اس سلسلے کا پہلا موقع 28 مارچ کو آچکا ہے کہ جب عطارِد، زہرہ، مریخ، مشتری اور زحل ایک سیدھ میں تھے۔ دوسرا موقع 20 اپریل کو آئے گا، جس کی تفصیل بیان کی جاچکی ہے۔البتہ 2022 میں سیاروں کی تیسری اور سب سے عظیم الشان پریڈ 24 جون کو ہوگی، جس میں سات سیارے ایک سیدھ میں ہوں گے۔
ان میں سے عطارِد، زہرہ، مریخ، زحل اور مشتری کو صرف آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا جبکہ دوربین کی مدد سے اِن کی سیدھ میں نیپچون اور یورینس کو بھی دیکھا جاسکے گا جو بہت مدہم ہیں۔سیاروں کی پریڈ میں سیارے درحقیقت ایک دوسرے کی سیدھ میں نہیں آتے بلکہ صرف زمین سے دیکھنے پر ایسے دکھائی دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ20 اپریل کے روز یہ چاروں سیارے مکمل سیدھ میں ہوں گے، جس کے بعد ان میں سیدھ بتدریج کم ہوتے ہوتے بالآخر مکمل ختم ہوجائے گی۔ یہ خوبصورت منظر پاکستان سمیت، شمالی نصف کرے کے تقریباً تمام ملکوں میں سورج غروب ہونے کے کچھ دیر بعد تک دیکھا جاسکے گا۔
یہ قدرت کا منفرد اور خوبصورت نظارہ ہوتا ہے جس کا کسی کی قسمت سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ ایسے مواقع بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں تاہم 2022 اس لحاظ سے منفرد ہے کیونکہ اس سال سیاروں کی پریڈ تین مرتبہ واقع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کے دورہ کراچی کےموقع پر خاتون اول کہاں تھیں؟