کراچی چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی کا علاج جاری، جلد صحت یابی کی امید

Apr 14, 2023 | 14:39:PM

(رضوان احمد)  چڑیا گھر انتظامیہ نے بیمار ہتھنی کے گذشتہ روز لیٹ جانے کو صحت مندی کی جانب بڑھتا قدم قرار دے دیا۔ 

ایڈمنسٹریٹر کراچی کہتے ہیں کہ غیر ملکی این جی او کے طبی ماہرین کی ہدایت پر من وعن عمل کررہے ہیں۔ نورجہاں جلد مکمل صحتیاب ہوجائے گی۔

گذشتہ روز تالاب میں جاکر بیٹھنے والی ہتھنی نورجہاں تاحال اپنے پیروں پر کھڑی تو نہیں ہوسکی ہے مگر اسکے اعضاء کی حرکات وسکنات جاری ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان اسے بہتری کا عمل قرار دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی چڑیا گھر کی رونق ہتھنی ”نورجہاں “کی حالت تشویشناک ہوگئی

ڈائریکٹر زو کنورایوب کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد ہتھنی کا پانی میں جانا خوش آئند ہے مگر طویل بیماری سے ہتھنی میں انرجی کی کمی ہوگئی جس کے باعث یہ اٹھنے سے قاصر ہے۔

ہتھنی نورجہاں ہیمو ٹوما بیماری کے باعث چار ماہ سے سوئی نہیں جو اس کی نقاہت کو بڑھانے کی وجہ بنا۔ انتظامیہ جلد ہتھنی کے مکمل صحتیاب ہونے کی امید لگائے بیٹھی ہے۔ 

خیال رہے کہ علاج معالجے کے اخراجات فور پاز این جی او برداشت کررہی ہے۔ علاج کے دوران دیگر لوازمات کی فراہمی کے لئے زو انتظامیہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا  ہے۔

 ہتھنی کو پونڈ سے نکالنے کے لئے کرین منگوائی گئی۔ لوازمات میں کرین کا کرایہ، ٹینٹ، بھالو مٹی بچھانا اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔

ذرائع  کے مطابق زو انتظامیہ کے افسران باہمی تعاون سے یہ اخراجات برداشت کررہے ہیں۔کے ایم سی کے مالی بحران کے مدنظر زو کے افسران ایڈمنسٹریٹر کراچی سے فنڈز ڈیمانڈ سے گریزاں ہیں۔

ذرائع  کے مطابق ہتھنی کی بیماری کے دوران غیر طبی اخراجات کا تخمینہ تقریبا ایک لاکھ روپے یومیہ ہے۔

مزیدخبریں