خیبرپختونخوا ، بلوچستان اورکشمیر میں گرج چمک کےساتھ بارش کی پیش گوئی 

Apr 14, 2023 | 18:12:PM

(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا ، بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کےساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بعد از دوپہر تیز ہوائیں اور جھکڑچلنے کا امکان ہے ، خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم خشک رہے گا،تاہم شام یا رات میں چترال، دیر، سوات، کرم اور خیبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
 محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے، بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا ،شام یا رات میں کوئٹہ ، پشین ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ ، مستونگ، قلات، نوشکی اور خاران میں گرج چمک آندھی اورتیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کاکہناتھا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رات میں بارش کا امکان ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کی ججز کے درمیان ہاتھا پائی واقعہ کی تردید

مزیدخبریں