(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا کہ انکی بیٹی فلم"مسز چترجی ورسز ناروے"کا ٹریلر دیکھا تو وہ رونے لگ گئی۔
تفصیلات کے مطابق رانی مکھرجی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ میری بیٹی ادیرا انکی فلمیں نہیں دیکھتی ، کیونکہ ابھی وہ بہت چھوٹی ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "دراصل وہ ابھی اس فرق کو سمجھنے کے قابل نہیں ہوئی کہ میں اس کی ماں ہونے ساتھ ساتھ ایک اداکارہ بھی ہوں، اس لیے جب وہ مجھے سکرین پر روتے ہوئے دیکھتی ہے تو اسے لگتا ہے کہ میں کسی تکلیف میں ہوں تو وہ بھی رونے لگتی ہے"۔رانی مکھرجی نے کہا کہ" اگلے 3 سے 4 سالوں میں شاید وہ یہ سب کچھ سمجھنے لگے تو پھر وہ میری فلمیں دیکھ سکے گی"۔
یاد رہے کہ رانی مکھر جی کی فلم"مسز چترجی ورسز ناروے" 17 مارچ کو ریلیز کی گئی تھی جس میں رانی مکھر جی نے ایک ماں کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے بچوں کو واپس لینے کیلئے ریاست سے لڑ رہی ہے.فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ناروے کی حکومت نے مسز چٹرجی کے بچوں کو ان سے یہ کہہ کر چھین لیا تھا کہ وہ بطور ماں انکی ٹھیک سے نگہداشت نہیں کرتیں اور انہیں بتایا گیا تھا کہ بچوں کو 18 سال کی عمر تک واپس نہیں کیا جائے گا۔