ایران کا اسرائیل پرحملہ،پاکستان کا خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار
پاکستان صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، پاکستان نے کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے،دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش ہے، پاکستان صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، پاکستان نے کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ 2 اپریل کو پاکستان نے شام میں ایرانی قونصل خانہ پر حملے کے خطرات سے آگاہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب صورتحال کو مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کیلئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے، ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی طرف بڑھیں۔ یہاں بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل امن کے قیام میں ناکام رہی۔
ضرورپڑھیں:ایران کا اسرائیل پر جوابی وار،ڈرونزاور میزائلوں کی بارش کردی
واضح رہے کہ 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 200 ڈرون اور کروز میزائل فائر کئے تھے، ایرانی پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی تھی، حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیاب اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔