اداکارہ مہرالنساء اقبال برطانیہ میں شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

Apr 14, 2025 | 16:53:PM
اداکارہ مہرالنساء اقبال برطانیہ میں شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
کیپشن: مہرالنساء نکاح کے موقع پر
سورس: سوشل میڈیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ مہرالنساء اقبال شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ کے نکاح کی مختلف ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں،شادی کی مختصر تقریب کا اہتمام برطانیہ کی پہلی مسجد میں کیا گیا، جس میں سابق گورنر پنجاب، سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر اور بہو نیہا تاثیر سمیت قریبی عزیزوں اور دوست احباب نے شرکت کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں مہرالنساء کو سرخ لہنگے میں دیکھا جاسکتا ہے جس پر سُنہرا لیس ورک کیا گیا ہے،اداکارہ کے دولہا نے مسجد میں ہونے والے نکاح کے موقع پر سرمئی رنگ کے سوٹ کا انتخاب کیا۔

اداکارہ کے سادگی سے ہونے والے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں،ان کے دولہا کا نام زکریا ہے۔

وائرل تصاویر اور ویڈیوزپر تبصرہ کرتے ہوئے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور دوست احباب کی جانب سے مبارک باد اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مہرالنساء اقبال کی مایوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا کی زینت بن چکی ہیں، جنہیں انہوں نے خود شیئر کیا تھا۔

اداکارہ مہرالنساء اقبال ڈرامہ سیریل عشقیہ، ایک ستم اور، میرے بن جاؤ اور بکھرے ہیں ہم جیسے کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہردکھاچکی ہیں۔