(ویب ڈیسک)14اگست جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ اور لاہور میں مصورِ پاکستان حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی۔
کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،مزارِ قائد کراچی میں منعقدہ تقریب میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کموڈور سہیل احمد عزمی تھے، جنہوں نے مزارِ قائدؒ پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کے لیے دعائیں کیں۔
کموڈور سہیل احمد عزمی نے مزارِ قائدؒ پر موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیئے۔
ادھر لاہور میں حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی،پاکستان رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے حکیم الامتؒ کے مزار پر گارڈز کی ذمے داریاں سنبھالیں۔میجر جنرل انیق الرحمٰن ملک تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔میجر جنرل انیق الرحمٰن نے مزار اقبالؒ پرپھول رکھے، فاتحہ پڑھی اور ملک و قوم کے لیے دعا بھی کی۔
میجر جنرل انیق الرحمٰن نے مہمانوں کی کتاب میں اپنےتاثرات بھی درج کئے۔