(24نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں ہے، پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔
74 ویں جشن آزادی پر بلاول بھٹو زرداری نےاپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، اس مملکت خداداد کو اس وقت تک کوئی خطرہ نہیں، جب تک 1973 کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے۔سوچنے کی ضرورت ہے کہ عوام کیوں عدم انصاف اور غربت جیسی بیماریوں میں جکڑے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی اس سوچ اور نظریئے کا تسلسل ہے جس کی بنیاد پر ہمارے بانی اجداد نے یہ عظیم ملک قائم کیا تھا،، قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کی سیاسی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر ایسی کوشش و سوچ کی مزاحمت کریں گے جو عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی پسند و ناپسند کا فیصلہ کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے،اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے لئے زمین تنگ کردیں گے۔ کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کی آزادی تک پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کو عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست بنائیں گے: آصف زرداری