اختلافات ختم کر کے سب وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہوں: بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے، تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازا، آج ہمیں قیام امن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔
عثمان بزدار نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد وطن کا حصول قائداعظمؒ کی شب و روز محنت اور علامہ اقبالؒ کے خواب کی تکمیل ہے، یوم آزادی دراصل یوم تشکر بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی۔ یوم آزادی پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی، بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی سے پاکستان کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا پیغام ہے کہ گروہی، لسانی اور علاقائی اختلافات ختم کر کے سب وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ وطن کی مٹی کا قرض اتارنے کیلئے اتحاد، یکجہتی اور یگانگت کے اصولوں پر چلنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:مسائل کاحل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں ہے: بلاول