مسلح افواج کیساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے:شہباز شریف

Aug 14, 2022 | 10:11:AM

 (24نیوز) وزیرا عظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم جوہری طاقت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں۔ملک میں قومی مذاکرات کی ضرورت ہے۔آئیں کشکول توڑنے کیلئے ہم سب ایک ہو جائیں،75واں یوم آزادی پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے۔اللہ تعالیٰ مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کو آزادی نصیب فرمائے،تمام پاکستانیوں کی جشن آزادی کی مبارکباد بھی پیش کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد  میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔وزیراعظم شہبازشریف نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں  قومی ترانہ بھی بجایا گیا،  یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو معاشی قوت بنانے کا عہد کیا ہے، مایوسیاں پھیلانے والوں کی پھر ہار ہوگی۔مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ملک میں قومی مذاکرات کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کو سراہتا ہوں،پاکستان ہمارے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ماوں ،بہنوں،بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو تقسیم ہند کے خون کی نذر ہوئیں۔

 وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بارشوں اورسیلاب کی وجہ سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے،بہت سے لوگ اپنے پیاروں سے بچھڑ گئے ہیں۔قیام پاکستان ہمارے لیے ایک بہت بڑا سبق ہے۔ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں جس کا اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے،انہوں نے کہا ہے کہ مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام ہے جس کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا۔خون کے دریا عبور کیے،شہادتیں دیں لیکن مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ بطورِ وزیراعظم آج پھر خلوص دل سے میثاق معیشت کی پیشکش کر رہا ہوں، ہمارا سامنا بے رحم حقائق سے ہے جن کا مقابلہ پالیسیوں کے تسلسل سے کر سکتے ہیں، اسی جذبے سے تعمیرپاکستان ہوگی، آئیں چودہ اگست کے دن ہم ایک قوم بن جائیں۔

مزیدخبریں