(24نیوز) پاکستان کی آزادی کو 75 سال مکمل ہونے پر صدر عارف علوی،وزیراعظم شہباز شریف،آرمی چیف اور دیگر سیاسی شخصیات نے اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی آزادی کو 75 سال مکمل ہونے پر صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن مادر وطن کے حصول کیلئے قائداعظم کی قیادت میں لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،شہدا نے مادر وطن کی سلامتی کیلئے جانوں کانذرانہ پیش کیا۔قربانیوں کو نہیں بھولیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ 75 واں یومِ آزادی پاکستانی قوم کے لئے ایک تاریخی دن ہے، پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔ قیامِ پاکستان بابائے قوم قائدِ اعظم کی انتھک محنت اور جدوجہد سے ممکن ہوا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ عظیم پاکستانی قوم کو یوم آزادی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات مبارک ہو۔