تحریک انصاف کی اکثریت رہنما واپس آنا چاہتے ہیں ،سپیکر قومی اسمبلی 

Aug 14, 2022 | 23:35:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہناہے کہ تحریک انصاف کی اکثریت رہنما واپس آنا چاہتے ہیں ، 5،6ممبران نے استعفے دیئے ہی نہیں تھے، کم از کم 12سے14ممبران کہہ چکے ہیں کہ میں استعفے نہیں دینا چاہتا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ آج ہم سب کیلئے بہت خوشی کا دن ہے،پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ،ان کا کہناتھا کہ پاکستان بنانے میں اقلیتوں کا بھی بڑا کردار رہا ہے۔
موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیں اپنے رویے بدلنے کی ضرورت ہے،جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھا جانا چاہئے، سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ جو اسمبلی میں آتا ہے وہ گراس روٹ کو سمجھتا ہے، 75سال میں ہم نے ایک دوسرے میں بہت کیڑے نکالے،ہم بحیثیت قوم کوئی قومی مقاصد سامنے رکھ کر ایک نہیں ہوئے،تمام مسائل کا حل ایک گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ میں ہے،اب تمام اداروں ،پارلیمان سب کو بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا،نفرت باہر نکال کر پھینکیں،اب ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑنے کی ضرورت ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ سپیکر کیلئے استعفیٰ منظور کرنا سب سے ناپسندیدہ ہے، استعفے منظور کرنے کیلئے رولز بہت سخت ہیں، سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے استعفوں کے حوالے سے کہاکہ تحریک انصاف کی اکثریت رہنما واپس آنا چاہتے ہیں ، 5،6ممبران نے استعفے دیئے ہی نہیں تھے، کم از کم 12سے14ممبران کہہ چکے ہیں کہ میں استعفے نہیں دینا چاہتا، 4،5بندوں نے چھٹی کی درخواست بھیج دی ہے، 2،3ممبران نے یہ لکھ کر بھیج دیا کہ میرے دستخط کسی نے جعلی کر کے دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: مفتاح اسماعیل کا پٹرولیم منصوعات پر سبسڈی کے حوالے سے اہم بیان

مزیدخبریں