پاکستان کا 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان کا 76 واں جشن آزادی آج جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیانِ پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ہیں،دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا،
کراچی میں مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کمانڈنٹ کموڈور محمد خالد نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی،لاہور میں محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا، پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔
بعد ازاں لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔
میجر جنرل قیصر سلیمان، گیریژن کمانڈر لاہور نے مزاراقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی، پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لئے ہیں۔