(ویب ڈیسک)پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر عارف علوی اور شہباز شریف نے قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جشن آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ تمام ہم وطنوں کو آزادی کی 76 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بانیانِ پاکستان اور کارکنان تحریکِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ہمیں قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، ہمیں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے، ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں اور معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں،قائد اعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئیں عہد کریں جمہوریت، آزادی، عفو و درگزر اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں گے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد!،نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دبنگ بیان دیدیا
دوسری جانب شہباز شریف نے بھی قوم کو 76 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئےاپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے مرد،عورتوں اور بچوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، لوگوں نے حصولِ پاکستان کے عزم اور لگن کی عالیشان مثال قائم کی تھی، پاکستان کے اس قیمتی تحفے کیلئے ہم ان عظیم رہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے، علیحدہ وطن کیلئے جدوجہد ایسے خیال کی عکاس ہے جس کی جڑیں بہتر کل کی امید پر مبنی ہیں، یہ خیال ایک ایسے ملک کیلئے تھا جہاں ہمارے لوگ اپنی صلاحیتوں کو تلاش کر سکیں، اپنی شاندار روایات، اخلاقیات، ثقافت اور اقدار کے مطابق امن اور خوشحالی کی زندگی گزار سکیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تصور عظیم تھا، قائد اعظم نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں، قائد اعظم نے ایک پر امن جمہوری اور سیاسی جدوجہد کی قیادت کی، 14 اگست صرف سیاسی آزادی کا جشن نہیں ہے، ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔