(ویب ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ تاریخی ترک ڈرامہ سیریز"ارطغرل غازی" میں عبدالرحمٰن الپ کا اہم کردار نبھانے والے ترک اداکار جلال آل نے 76 ویں یومِ آزادی پر پاکستانیوں کے لیے سوشل میڈیا پر اردو زبان میں محبت بھرا پیغام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جلال آل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنا ایک ویڈیو پیغام شیئر کی ہے،اُنہوں نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں کو اردو زبان میں یومِ آزادی کی مبارکباد دی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ "میں اپنے تمام پاکستانی بہن بھائیوں کو ان کے 76 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ماضی سے لے کر ہمارے اچھے اور برے وقت میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے۔"
جلال آل نے قائداعظم کی مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ" اللّٰہ بانیِ پاکستان محمد علی جناح کی مغفرت کرے اور اُنہیں جنت الفردوس میں جگہ دے، آمین۔"
انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے بھی دعا کی۔
جلال آل نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان کے مشہور ملی نغمے"دل دل پاکستان"کےایک مصرے کو کچھ اس انداز میں پڑھا؛دل دل پاکستان جاں جاں ترکیہ"
اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
یہ بھی پڑھیں:نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے لبرٹی چوک میں ملک کے سب سے بڑے پرچم کا سنگ بنیاد رکھ دیا