وطن کی سالمیت پر جان کے نذرانے پیش کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں:لواحقینِ شہداء
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) جشن آزادی کے موقع پر شہدا کے لواحقین کا کہنا ہے کہ یہ آزاد وطن بڑی جدو جہد کے بعد حاصل ہوا،اس مقصد کے حصول کیلئے اپنی قیمتوں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو اس پرمسرت موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
مسلمانوں کیلئے بے شمار قیمتی جانوں کی قربانی کے عوض حاصل کرنے والے وطن پاکستان کو 77 سال مکمل ہو گئے،پاکستان کی آزادی کے 77 برس مکمل تو ہو چکے ہیں لیکن پاکستانیوں کے دل میں آج بھی آزادی کا جوش و ولولہ بالکل اسی طرح سے قائم و دائم ہے جیسے روزِ اول سے تھا۔اس آزاد ریاست کی سرحدوں کی حفاظت اور سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے بےشمار لوگوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے،جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی بھی رائیگاں نہیں کیا جاسکتا۔
آج بھی آزادی کے اس پر مسرت موقع پر شہداء کو یاد کیا جارہا ہے،شہدا کے لواحقین نے بھی اس موقع پر اپنے پیاروں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں،آزادی کے اس موقع پر سپاہی طارق محمود شہید کے لواحقین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل وطن کو یوم آزادی بہت بہت مبارک ہو،شہید کی والدہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہ یہ آزادی ہمیں بہت مشکلوں سے اور قربانیاں دے کر ملی ہے،اسے حاصل کرنے میں ہمارے بچوں، بزرگوں اور خواتین کا قیمتی خون شامل ہے، ملکِ پاکستان کو آزاد رکھنے کے لیے آج بھی کئی جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں اور اس خوشی کے موقع پر بھی کئی جوان سرحدوں اور بارڈروں پر ملک کا دفاع کر رہے ہیں تاکہ ہم آزادی کی سانس لے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارک باد
یوم آزادی کے حوالے سے سپاہی طارق محمود شہید کے بھائی نے اپنے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہ میری طرف سےبھی تمام پاکستانیوں کو آزادی مبارک ہو،تمام فوجی جوان جو پاکستان کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر تعینات ہیں، ان سب کو دلی آزادی مبارک ہو کیونکہ وہ سب سے زیادہ مبارکباد کےمستحق ہیں، آزادی کے حصول کے لیے ہمارے بڑوں نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں اور آج بھی تمام ادارے اور فوجی جوان اس ملک کی آزادی کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جو بہت محنت اور جدوجہد کے بعد ملی ہے اور آج اگر ہم آزاد ہیں اور کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں تو اس میں بہت بڑا کردار ان جوانوں کا ہے جو سرحدوں اور برف پوش علاقوں پر ہماری خاطر اپنے گھروں سے دور ہیں۔
دوسری جانب سپاہی محمد یاسر شہید کے والد نے اس موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میری طرف سے تمام اہل وطن کو جشن آزادی مبارک ہو،ہم نے یہ آزادی حاصل کرنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،میں اس وطن کی حفاظت کرنے والے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو ہمہ وقت اس ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان دینے کے لیے تیار رہتے ہیں، ہمارے فوجی جوانوں کی بدولت ہم رات کو سکون سے اپنے گھروں میں سوتے ہیں جبکہ سپاہی محمد یاسر شہید کی والدہ نے بھی اس خوشی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے جوان آج بھی پاکستان کی 77 ویں سالگرہ پر بھی قائد اعظم کے عزم کی تکمیل کر رہے ہیں اور وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔