جشن آزادی پر عہد کریں عوامی ترقی کیلئے کام کرینگے:صدر زرداری
صدرمملکت نے 104پاکستانیوں اور غیرملکی افراد کو اعزازات دینے کی منظوری دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔
پاکستانی کی 77ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پُرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک پاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے وسائل کو بروئے کار لائیں۔ قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لیے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
علاوہ ازیں صدرمملکت آصف زرداری نے 104پاکستانیوں اور غیرملکی افراد کو اعزازات دینے کی منظوری دے دی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کیلئےخدمات کے اعتراف میں 104پاکستانیوں اور غیرملکیوں کواعزازات دینے کی منظوری دی گئی ہے، یہ اعزازات 23 مارچ 2025 کو خصوصی تقریب تقسیم اعزازات میں دیےجائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق خدمات عامہ کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ذوالفقار علی بھٹو شہیدکو نشان پاکستان، کھیل کے شعبے میں ارشد ندیم کو ہلال امتیاز، مراد سدپارہ کو ستارہ امتیاز ، ادب کے شعبے میں ناصر کاظمی مرحوم کو نشان امتیاز بعد از وفات دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں پرنس عبدالعزیز بن سلمان السعودکو ہلال پاکستان، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عامر حفیظ ابراہیم کو ہلال امتیاز، ڈاکٹرغلام محمد علی اور سردار محمد آفتاب احمد خان وٹو کوستارہ امتیاز ، ڈاکٹر سارہ قریشی، ڈاکٹر رفیع الدین اور پروفیسر ڈاکٹرعثمان قمر کو تمغہ امتیاز ، تعلیم کے شعبےمیں سعدیہ رشیدکو ہلال امتیاز ، ضیاالحق، ڈاکٹرسلیمان شہاب الدین اور سید اظہر حسین عابدی کو ستارہ امتیاز عطا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
شعبہ طب میں پروفیسر ڈاکٹر شہریار اور ڈاکٹر زریاب کو ہلال امتیاز ، ڈاکٹرعاکف اللّٰہ خان، ڈاکٹر سید عابد مہدی کاظمی، اکرام اللّٰہ خان کو تمغہ امتیاز ، فنون کے شعبے میں کالن ڈیوڈ کو ستارہ امتیاز، ارشدعزیز ملک، بختیار احمد ، بیرسٹر ظفراللہ کو تمغہ امتیاز ، فریحہ پرویز، حامدرانا، شیبا ارشد اور نوید احمد بھٹی کوصدارتی ایوارڈ برائےحسن کارکردگی سے نوازاجائے گا۔