104پاکستانی اور غیرملکی شخصیات کوسول اعزازات دینے کااعلان
ذوالفقار علی بھٹو شہیدکو نشان پاکستان اور ارشد ندیم کو ہلال امتیازسے نوازاجائے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)صدرمملکت آصف علی زرداری نےجشن آزادی کے موقع پر104پاکستانی اور غیرملکی افراد کوسول اعزازات دینے کی منظوری دے دی، ذوالفقار علی بھٹو شہیدکو نشان پاکستان اور کھیل کے شعبے میں ارشد ندیم کو ہلال امتیازسے نوازنے کااعلان کیاگیاہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کیلئےخدمات کے اعتراف میں 104پاکستانیوں اور غیرملکیوں کواعزازات دینے کی منظوری دی گئی ہے، یہ اعزازات 23 مارچ 2025 کوایوان صدر اورچاروں صوبائی گورنرہائوسر میں منعقدہونے والی پروقار خصوصی تقاریب میں تقسیم کیےجائیں گے۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق خدمات عامہ کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ذوالفقار علی بھٹو شہیدکو نشان پاکستان، کھیل کے شعبے میں ارشد ندیم کو ہلال امتیاز، مراد سدپارہ کو ستارہ امتیاز ،ادب کے شعبے میں ناصر کاظمی مرحوم کو نشان امتیاز بعد از وفات دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں پرنس عبدالعزیز بن سلمان السعودکو ہلال پاکستان، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں عامر حفیظ ابراہیم کو ہلال امتیاز، ڈاکٹرغلام محمد علی اور سردار محمد آفتاب احمد خان وٹو کوستارہ امتیاز ، ڈاکٹر سارہ قریشی، ڈاکٹر رفیع الدین اور پروفیسر ڈاکٹرعثمان قمر کو تمغہ امتیاز ، تعلیم کے شعبےمیں سعدیہ رشیدکو ہلال امتیاز ، ضیاالحق، ڈاکٹرسلیمان شہاب الدین اور سید اظہر حسین عابدی کو ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
شعبہ طب میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں پروفیسر ڈاکٹر شہریار اور ڈاکٹر زریاب کو ہلال امتیاز ، ڈاکٹرعاکف اللّٰہ خان، ڈاکٹر سید عابد مہدی کاظمی، اکرام اللّٰہ خان کو تمغہ امتیاز ، فنون کے شعبے میں کالن ڈیوڈ کو ستارہ امتیاز، ارشدعزیز ملک، بختیار احمد ، بیرسٹر ظفراللہ کو تمغہ امتیاز ، فریحہ پرویز، حامدرانا، شیبا ارشد اور نوید احمد بھٹی کوصدارتی ایوارڈ برائےحسن کارکردگی سے نوازاجائے گا۔