(24نیوز) ایل او سی پر بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر پاکستان میں بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، سفارتکار کواحتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے چری کوٹ سیکٹر پر 13 دسمبر کو بلااشتعال فائرنگ کی تھی،بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی سے دو شہری شدید زخمی ہو گئے ،بھارتی سفارتکار کو بتا یا گیا کہ بھارت رواں برس 2970بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے،خبھارتی فائرنگ سے 27 شہادتیں اور249 افراد زخمی ہو چکے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ، بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
ترجمان نے کہا بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے، ترجما ن نے کہا ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے ۔
بھارتی سفارتکار دفتر خارجہ طلب، سیز فائر کی خلاف ورزی پر پاکستان کا احتجاج
Dec 14, 2020 | 18:24:PM