(24 نیوز)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیدکاکہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ والوں کو استعفے دینا ہے تو دیں، اسلام آباد مارچ کرنا چاہتے ہیں تو آئیں، 2 ماہ کا وقت نہ لیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشیدکا کہنا تھاکہ ہم مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے، این آر او اور قومی احتساب بیورو(نیب) کے سوا ہر بات پر وزیراعظم بات چیت کرنے کےلئے تیار ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ کل اہل لاہور نے ذمہ داری کا ثبوت دیا، اگر مولانا فضل الرحمان کے مدرسے کے طلبہ نہیں آتے تو ان کو بہت مایوسی ہوتی، میں نے کہا تھا کہ بیچ منجدہار میں اپوزیشن کی کشتی ڈوبے گی۔ شیخ رشید نےکہا کہ عمران خان کسی صورت این آراو نہیں دے گا، ہم ڈائیلاگ ختم کرنا نہیں کرنا چاہتے، آپ جس سے چاہتے ہیں بتائیں ہم مذاکرات کرا دیتے ہیں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ کل پی ڈی ایم نے لاہور میں اپنی سیاست کا جنازہ نکالا ۔ نااہل سزا یافتہ اور مفرور افواج کے بارے میں غیرذمہ دارانہ گفتگو کرتے ہیں، 11 رہنمائوں میں سے سوائے بلاول بھٹو زرداری اور اختر مینگل کے کوئی منتخب نمائندہ نہیں،جو الیکشن ہار جاتے ہیں وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں،عمران خان اپنی حکومت چھوڑ دے گا وہ این آر او نہیں دے گا۔