(ویب ڈیسک)بھارتی سنیما کو بہترین فلمیں دینے والے پہلے شو مین راج کپور کی آج97ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ انکی خواہش بچپن سے ہی اداکار بننے کی تھی۔اس کے لئے انہیں نہ صرف کلیپر بوائے بننا پڑا بلکہ کیدار شرما کاتھپڑ بھی کھانا پڑا تھا۔
تفصیلات کے مطابق راج کپور کا آبائی تعلق پاکستان کے شہر فیصل آباد کے قصبے سمندری سے تھا ۔وہ 14 دسمبر 1924 کو پشاور میں پیدا ہوئے۔1929 کو ان کا خاندان ممبئی منتقل ہوگیا۔راج کپور جب میٹرک کے امتحان میں ایک مضمون میں فیل ہوئے تو انہوں نے اپنے والد پرتھوی راج کپور سے کہا کہ میں مزید تعلیم حاصل نہیں کرنا چاہتا، میں فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں، فلمیں بنانا چاہتا ہوں۔راج کپور کی یہ بات سن کر پرتھوی راج کپور کی آنکھیں خوشی سے چمکنے لگیں۔والد سے متاثر ہوکر ان میں بھی اداکاری کا شوق پیدا ہوا اور یہ شوق انہیں انڈین نیشنل تھیٹر ممبئی پہنچانے کا سبب بنا اور بالی ووڈ کے اس عظیم شو مین نے یہیں سے اپنے فلمی سفر کا آغاز چائلڈ اداکار کے طور پر سال 1935 میں کیا ۔
راج کپور کی فلم نیل کمل کا قصہ بھی کافی دلچسپ ہے۔پرتھوی راج کپور نے راج کپور کو کیدار شرما کی یونٹ میں کلیپر بوائے کے طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا۔فلم کی شوٹنگ کے وقت وہ اکثر آئینے کے سامنے چلے جاتے اور اپنے بال سنوارنے لگتے۔کلیپ دیتے وقت ان کی کوشش ہوتی کہ کسی طرح ان کا چہرہ بھی کیمرے کے سامنے آجائے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلامی ملکوں کا اجلاس۔۔پاکستان نے طالبان حکومت کو شرکت کی دعوت دیدی
راج کپور ایک پنجابی ہندو کھتری خاندان میں پیدا ہوئے،ا نکے والد پرتھوی راج کپور بھی اداکار تھے۔ ان کے بھائی مرحوم اداکار شمی کپور اور ششی کپور تھے۔ان کے والد کے کزن فلم پروڈیوسر سریندر کپور تھے، جن کے بچے پروڈیوسر بونی کپور، اداکار انیل اور سنجے ہیں۔ان کے ماموں جگل کشور مہرا ایک گلوکار تھے، جن کی سوتیلی پوتی، سلمیٰ آغا، بعد میں اداکارہ بنیں۔دس سال کی عمر میں، وہ 1935 میں بننے والی فلم ’انقلاب‘ میں پہلی بار نظر آئے، جس کے بعد راج کپور نے بڑا وقفہ لیا اور پھر 1947 میں بننے والی فلم ’نیل کمل‘ میں مدھوبالا کے مدمقابل کردار ادا کیا۔ 1948 میں انہوں نے چوبیس سال کی عمر میں اپنا ایک اسٹوڈیو آر کے فلمز قائم کیا، اور اپنے وقت کے سب سے کم عمر فلم ڈائریکٹر بن گئے ۔ 1949 میں انہوں نےاپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’آگ ‘ میں نرگس، کامنی کوشل اور پریم ناتھ کے ساتھ اداکاری کی۔ انہوں نے میرا نام ہے جوکر اور بوبی جیسی کامیاب فلمیں بنائیں۔ راج کپور کے تین بیٹے رندھیر کپور، رشی کپور اور راجیو کپور بھی اداکار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی حکومت کی تبلیغی جماعت پر پابندی۔۔علما فیصلے سے شدید ناراض