(24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کے معاملے پر پی ٹی آئی کی خاتون صوبائی وزیر سمیت تین رہنماوں کے بیانات قلمبند جبکہ گرفتار تینوں ملزمان کا آج پولی گرافک ٹیسٹ کروایا جائے گا۔
ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق پی ٹی آئی کی خاتون صوبائی وزیر سمیت تین رہنماوں کے بیانات قلمبند کرلئے گئے، گرفتار تینوں ملزمان کا آج پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا، پولی گرافک ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے کرایا جائے گا۔
جے آئی ٹی اجلاس میں ممبران اے آئی جی کرائم مانیٹرنگ پنجاب احسان اللہ چوہان، ممبر وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم بریگیڈئیر مصدق ملک، آر او سی ٹی ڈی نصیب اللہ اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن انور شاہ نے شرکت کی۔ جے آئی ٹی میں صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد، زبیر خان نیازی اور عمر فاروق نے بیانات قلمبند کروائے۔
ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق زبیر نیازی کی تھانہ وزیر آباد میں دی گئی درخواست کو تحقیقات کا حصہ بنایا گیا۔ تینوں رہمناﺅں نے جے آئی ٹی کو اپنے بیانات قلمبند کرائے، دیگررہنماﺅں کو بلوانے کے لیے جے آئی ٹی دوبارہ خط لکھے گی تاکہ مذکورہ کیس کی تفتیش کو جلد از جلد مکمل کر کے رپورٹ حکومت کو بھجوائی جا سکے۔