حکومت کا نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دینے کی اسکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے ایک بار پھر لیپ ٹاپ اور بلا سود قرض کی فراہمی کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ نے کہا کہ لیپ ٹاپ پروگرام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت وزیراعظم شہباز شریف لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کریں گے۔
انہوں نےکہا کہ ای روزگار، ای لرننگ، لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر پروگرامز پر کام کیا گیا ہے، 4 سالوں میں 5 لاکھ کے قریب لیپ ٹاپ بانٹے گئے اور رواں سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے جائیں گے جب کہ بلوچستان کے لیے لیپ ٹاپ کوٹہ ڈبل کر دیا ہے، اس کےعلاوہ لیپ ٹاپ ٹرانس جینڈرز کو بھی دیے جائیں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے نزدیک نوجوانوں کا روزگار سب سے اہم ہے، حکومت نے ایک سال میں 20 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزنس اینڈ ایگری کلچر لونز کی تمام اپروولز ہوگئی ہیں، 5 لاکھ سے اوپرکا قرضہ آسان شرائط پرفراہم کیا جائے گا اور قرضے کا مقصد کاروبار کو فروغ دینا ہے، بچے اس طرح کے کاروبار شروع کریں کہ دوسروں کو روزگارکے مواقع ملیں جب کہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
شیزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ڈپارٹمنٹ اسپورٹس بند کر دی تھیں، اسے بحال کیا گیا ہے۔