(ویب ڈیسک)پی ٹی آئی میں اختلافات کے حوالے سے پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ سب ارکان عمران خان کے ساتھ ہیں ، کے پی کے میں ارکان کی ناراضگی کی خبریں جھوٹی افواہ ہیں، اگر الیکشن پر بات ہو گی تو ہی مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے ،حکومت سنجیدگی دکھائے گی تو مذاکرات ہو ں گے ،زمان پارک میں پارٹی کے چیئر مین عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ کون سی اسمبلی پہلے تحلیل کرنی ہے یہ فیصلہ عمران خان کریں گے ، ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ سے ملاقات ہوئی ہے وہ وعدہ پورا کریں گے ،پرویز الہٰی ہمارے ساتھ ہیں اور اسمبلی توڑ دیں گے،تحریک انصاف ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اب کوئی مشاورت نہیں بلکہ اسمبلیاں توڑنے کا اعلان ہو گا، 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان کر دوں گا، نوجوانوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات بہت خراب ہیں اور 7 ماہ میں صورتحال بدترین ہوگئی ہے، جس کی بڑی وجہ چوروں کو این آر او دینا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ان چوروں کو این آر او ٹو دے کر پاک کیا جا رہا ہے اور این آر ٹو انہیں جنرل باجوہ نے دیا ہے، سلیمان شہباز واپس آتا ہے اسے ہار پہنائے جاتے ہیں، شرمناک طریقے سے بڑے ڈاکوو¿ں کے کیسز معاف کرائے جا رہے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تجربے سے کہتا ہوں بنانا ری پبلک میں بھی ایسے اقدامات نہیں دیکھے جہاں قانون کی بالادستی نہ ہو وہ ملک خوشحال نہیں ہوتا، ملک مسلسل نیچے جارہا ہے، میں تمام اداروں سے کہتا ہوں کہ ملکی مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں، اس کے علاوہ کوئی ملک کو مسائل سے نکالنے کا کوئی حل نہیں ہے۔
اس سے قبل عمران خان کی زیر صدارت سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں دونوں اسمبلیاں ایک ہی دن تحلیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں عمران خان نے اجلاس کے دوران کہا کہ پارٹی کے تمام ذمہ داران سے رائے لے چکا ہوں۔
علاوہ ازیں پنجاب اور کے پی اسمبلی 23 دسمبر کو تحلیل کئے جانے کا امکان ہے،پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ 23 مارچ سے پہلے انتخابات کی خواہاں ہے۔