عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، آر او تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں عام انتخابات2024 کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران(ڈی آر او )، آر او تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات بیورو کریسی سے کروانے کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا اور لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے فائل چیف جسٹس ہائیکورٹ کو بھجوا دی گئی،لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات کےلیے بیورورکریسی کی خدمات لینے کے خلاف عمیر نیازی کی درخواست پر 5صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ بلاشبہ الیکشن کے انعقاد میں قوم کے اربوں روپے استعمال ہوتے ہیں، اگر بڑی سیاسی جماعتیں الیکشن نتائج تسلیم نہ کریں تو قوم کا پیسہ ضائع ہوگا، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فئیر الیکشن کرانے ہیں، شفاف انتخابات کو حقیقت میں بدلنے کے لیے امیدواروں اور ووٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنے ہیں۔
فیصلے میں کہاگیا کہ زمینی حقائق کے مطابق درخواست گزار کی جماعت کو لیول پلینگ فیلڈ میسر نہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ پر آزادانہ رائے رکھنے والے متعددگروپس نے سنجیدہ نوٹس لیا ہےاور معاملے کی اہمیت ،قانونی نکات کی تشریح کیلئے لارجر بنچ بنانے سفارش کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تیل قیمتوں میں حیرت انگیز گراوٹ،پٹرول،ڈیزل کتنا سستا؟بڑی خبر سامنے آگئی
عدالتی حکم کے مطابق اٹارنی جنرل ، ایڈووکیٹ جنرل ، الیکشن کمیشن کومعاونت کیلئے 27اے کانوٹس جاری کیا گیا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے فیصلے میں لکھا کہ موجودہ صورتحال میں جنرل الیکشن سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے جس سے جمہوریت کا مستقبل کمزور ہو سکتا ہے، درخواست میں قومی ایشو سے متعلق نشاندہی کی گئی لہٰذا لارجر بینچ کیلئے فائل چیف جسٹس کو بھجوائی جاتی ہے۔