(ویب ڈیسک) معروف اسمارٹ فون کمپنی ’سام سنگ‘ نے اپنی اے سیریز کے تین نئے ماڈلز فونز ’اے 15‘، ’اے 15 فائیو جی‘ اور ’اے 25‘ متعارف کرا دیے۔
کمپنی کی جانب سے تینوں فونز کو مختلف ریم اور میموری ماڈیولز سے معیاری فونز قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم تمام فونز کی اسکرین اور بیٹری ایک جیسی ہی رکھی ہے جبکہ اے سیریز کے تینوں فونز میں چارجر بھی ایک جیسا دیا گیا ہے۔
کمپنی نے تینوں فونز کو 6.5 انچ اسکرین جب کہ 5 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری اور 25 واٹ فاسٹ چارجر کے ساتھ پیش کیے ہیں۔ اسی طرح تینوں فونز میں اینڈرائیڈ 14 کا آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے، تاہم اے 15 اور اے 25 کی چپ الگ الگ ماڈیول کی دی گئی ہے۔ تینوں فونز میں فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر سیکیورٹی فیچرز بھی ایک جیسے ہی دیے گئے ہیں تاہم تینوں فونز میں فرق میموری اور کیمرا فیچرز کا ہے۔
اے 15 اور اے 15 فائیو جی کے فونز کو 8 جی بی ریم اور 128 اور 256 جی بی میموری کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ دونوں فونز کے فرنٹ پر 13 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جبکہ دونوں کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں۔ دونوں فونز کے بیک پر مین کیمرا 50 میگا پکسل، دوسرا 5 اور تیسرا کیمرا 2 میگا پکسل کا دیا گیا ہے۔
اسی طرح اے 25 کو 6 اور 8 جی بی ریم جب کہ 256 جی بی میموری کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ اے 25 کے فرنٹ پر بھی 13 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اس کے بیک پر بھی تین کیمرے موجود ہیں۔
فون کے بیک پر مین کیمرا 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا 8 اور تیسرا 2 میگا پکسل کا دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ملتان : چینی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا
کمپنی کے اے 15 فونز کی قیمت پاکستانی تقریباً 58 ہزار روپے سے شروع ہے جبکہ دونوں فونز کی زیادہ سے زیادہ قیمت 73 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ اسی طرح اے 25 کے 6 جی بی ریم ماڈیول کی قیمت پاکستانی 76 ہزار روپے جبکہ 8 جی بی ریم کی قیمت 79 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔
کمپنی نے تینوں فونز کو ابتدائی طور پر ویتنام میں پیش کیا ہے، تاہم جلد ہی انہیں پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔