عماد کے بعد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز)قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی آل راؤنڈر عماد وسیم کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔دونوں کھلاڑیوں نے آخری مرتبہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
محمد عامر 2009 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والے سکواڈ کا حصہ تھے جبکہ دونوں 2017 کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے سکواڈ کا حصہ بھی تھے۔
محمد عامر کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کیلئے ذمہ داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے کئی برسوں میں ہمیشہ انتہائی ضروری سپورٹ فراہم کی اور میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے کا منتظر ہوں۔ میں پاکستانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے اپنے کریئر میں ہمیشہ میری حمایت کی۔
32 سالہ عامر نے جون 2009 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد پاکستان کیلئے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی20 انٹرنیشلز کھیلے۔محمد عامر نے تینوں فارمیٹس میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1,179 رنز بنائے۔