ریماخان سے متعلق بیان پرناصرادیب نےمعافی مانگ لی

تحقیق کیے بغیر غلط بات کو آگے بڑھایا،شرمسار اورہاتھ جوڑکرمعافی مانگتاہوں

Dec 14, 2024 | 14:08:PM

(ویب ڈیسک)"مولاجٹ" اور"دی لیجنڈآف مولاجٹ "جیسی سپرہٹ فلموں کے مصنف ناصر ادیب نے اداکارہ ریما خان سے متعلق  بیان پر معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سے متعلق غلط بات کہی،انہوں نے تحقیق کیے بغیر ان کے ماضی پر تبصرہ کیا جو نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ناصرادیب نے چند روزقبل ایک پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ اور ہدایتکار یونس ملک کسی فلم کے لیے ہیروئن دیکھنے لاہور کی ہیرامنڈی گئے تھے جہاں انہیں ریما خان کو بھی دکھایا گیا،انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیرا منڈی میں انہوں نے ریما خان سمیت متعدد لڑکیوں کو دیکھا لیکن ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا کیونکہ انہیں وہ پسند نہیں آئی تھیں، اگرچہ انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا تھا لیکن بعد ازاں وہ فلموں کی سپر اسٹار بنیں۔

ناصرادیب کو مذکورہ بیان پر شوبز شخصیات نے  آڑے ہاتھوں لیا،ریما خان نے بھی مبہم انداز میں ان کے بیان پر رد عمل دیا تھا،تاہم اب ناصر ادیب نے ریما خان سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سے متعلق غلط بات کی،انہیں ان کی ماضی کی زندگی پر بات کرنے سے قبل تھوڑی تحقیق کرلینی چاہیے تھی۔

ناصر ادیب نے ایک نجی پوڈکاسٹ میں دوبارہ شرکت کرکے ریما خان سے معافی مانگتے ہوئے  کہا کہ ماضی میں جب ہدایت کار یونس ملک انہیں ہیرا منڈی کا کہہ کر لے گئے تھے، دراصل وہ ہیرا منڈی نہیں تھی لیکن انہیں پہلے یہی بتایا گیا تھا کہ وہ ہیرا منڈی جا رہے ہیں،انہیں بادشاہی مسجد کے سامنے محلے میں لے جایا گیا تھا،جہاں انہوں نے ریما خان اور ان کی والدہ سے ان کے گھر میں  ملاقات کی تھی۔

ناصرادیب کے مطابق وہ پہلی بار مذکورہ علاقے میں گئے تھے اور چونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ انہیں ہیرا منڈی لے جایا جا رہا ہے تو انہوں نے یہی سمجھا کہ اداکارہ سے انہوں نے ہیرا منڈی میں ہی ملاقات کی لیکن درحقیقت وہ ہیرا منڈی نہیں  بلکہ اس کے قریب دوسرا علاقہ تھا۔

معروف مصنف نے دعویٰ کیا کہ وہ پہلے کبھی ہیرا منڈی گئے تھے نہ بعد میں کبھی وہاں گئے اس لیے انہیں علاقے کی پہچان نہیں تھی لیکن پروگرام میں ریما خان سے متعلق بات کہنے کے بعد انہیں ایک پرانے دوست پروڈیوسر نے فون کرکے بتایا کہ انہوں نے ریما خان سے متعلق غلط بات کہی،جب انہیں بتایا گیا کہ ریما خان سے متعلق انہوں نے غلط بات کہی ہے، تب وہ ڈپریشن میں چلے گئے اور پھر انہوں نے گوگل پر بھی اداکارہ سے متعلق کچھ تحقیق کی۔

ناصرادیب نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر ریما خان سے معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے خدا کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی اور تحقیق کیے بغیر غلط بات کو آگے بڑھایا، اس لیے وہ شرمسار ہیں، ریما انہیں معاف کردیں۔

ناصر ادیب نے بتایا کہ ریما خان قزلباش پشتون خاندان میں پیدا ہوئیں، ان کا اصل نام ثمینہ احمد ہے، وہ چار بہنیں اور بھائی تھے۔

مزیدخبریں