مارشل لاءکانفاذ جنوبی کورین صدر کو لے ڈوبا،مواخذے کی تحریک کامیاب

Dec 14, 2024 | 14:38:PM
مارشل لاءکانفاذ جنوبی کورین صدر کو لے ڈوبا،مواخذے کی تحریک کامیاب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)  جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے خلاف ملک میں مارشل لاء لگانے پر چند روز میں دوسری مرتبہ مواخذے کے لیے ووٹنگ ہوئی جو کامیاب ہو گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے خلا مواخذے کی تحریک پر ووٹنگ سے قبل دارالحکومت سیئول میں ہزاروں کی تعداد میں شہری صدر کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

مواخذے کی تحریک پر ووٹنگ کے لیے حکمران جماعت اور اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ پہنچے جبکہ جنوبی کورین اسمبلی کے اسپیکر نے تمام قانون سازوں سے مواخذےکی تحریک پر ووٹنگ میں شامل ہونے کی اپیل کی، مواخذے کی تحریک میں 300 اراکین نے حصہ لیا اور صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک کی کامیابی کے لیے ایوان کے دو تہائی ارکان یعنی 200 ووٹ درکار تھے جبکہ اپوزیشن کو صدر کے خلاف مواخذے کے لیے حکومتی بینچز سے بھی کم از کم 8 ووٹ درکار تھے۔ حکومتی بینچز سے صدر کے خلاف ووٹ پڑنے پر مواخذے کی تحریک کامیاب ہو گئی۔ 

 قبل ازیں اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمانی لیڈر پارک کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کی صورتحال ملکی معیشت اور سفارتکاری کو متاثر کر رہی ہے، امریکا اور دیگر ممالک کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

 اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا صدر کے خلاف مواخذے کے ذریعے ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جمہوریت اب بھی کام کر رہی ہے جیسے اسے کرنا چاہیے، میرا ساتھی قانون سازوں کو مشورہ ہے کہ یہ ہمارے لیے آخری موقع ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل جنوبی کوریا کے صدر نے ملک میں مارشل لا نافذ کیا تھا تاہم اپوزیشن جماعتوں اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے پر صدر نے چند گھنٹوں بعد ہی مارشل لا واپس لے لیا تھا۔