چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں، شوگر ملز ایسوسی ایشن

Dec 14, 2024 | 15:57:PM

(24نیوز)شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیمت میں اضافہ سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلوگرام تک رہنے کی شرط پر حکومت نے سرپلس چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی،ملک کے مختلف حصوں میں چینی کی ریٹیل قیمتیں 130 روپے تک ہیں،گزشتہ کرشنگ سیزن 24-2023 کے اختتام کے بعد سے چینی اپنی پیداواری لاگت سے بہت کم پر فروخت ہو رہی ہے، شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق پچھلے دو کرشنگ سیزن میں گنے کی قیمت تقریباً دوگنا ہو گئی ہے۔

گنے کی قیمت میں اضافے نے چینی کی پیداواری لاگت کو بڑھا دیا ہے، ایسوسی ایشن نے حکومت سے چینی کے سٹے بازوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت 140 روپے کی حد سے کم ہے۔ چینی کی ریٹیل قیمت 130 اور ہول سیل 124-125 روپے ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چینی کی قیمتوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے، میڈیا کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور غلط معلومات نہ پھیلائیں۔

چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے حکومت کے موثر اقدامات جاری ہیں، عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ چینی کی قیمتیں قابو میں ہیں۔ اضافے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

مزیدخبریں