بلوچستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم  کی ترویج کےلیےمفاہمتی یاداشت پر دسخط

Dec 14, 2024 | 22:05:PM

(24نیوز)سی پیک ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل کوریڈور کو پروان چڑھانے، پاکستان میں ہونے والی ترقی میں چین کے کردار اور گوادر بندر گاہ کی ملکی اور عالمی سطح پر اہمیت کواجاگر کرنے کے حوالے سے گوادر یونیورسٹی ،پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور پاکستانی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے درمیان مفاہمتی یادداشت ( ایم او یو)پر دستخط کر دئیے گئے . اس سلسلہ میں منعقدہ باضابطہ تقریب میں گوادر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر اور پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد اور انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے صدر یاسر حبیب خان نے ایم او یو پر دستخط کئے ۔انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ پاکستان کا پہلا ریجنل تھنک ٹینک ہے جس کا کام چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ایسی قابل عمل تجاویز مرتب کرنا ہے جس سے پاکستان میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں اور سی پیک اورگوادر منصوبہ جات میں ایسا معاون کردار ادا کرنا ہے جس سے عام لوگوں کی معاشی زندگی کو بہتر بنایا جائے اور نوجوانوں کی ہنر مندانہ صلاحیتوں کو جلا بخشی جائے ۔ گوادر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرسید منظور احمد نے کہا کہ ایم او یو کا مقصد سی پیک کے  عام لوگوں کی زندگیوں میں مثبت کردار ، گوادر میں نوجوانوں میں ٹیکنیکل ،ووکیشنل تعلیم کے فروغ اور گوادر کی معاشی قوت کی اہمیت کو ہر سطح پر اجاگر کرناہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے صدر یاسر حبیب خان نے کہا کہ مذکورہ ایم او یو گوادر کی ملکی اور عالمی سطح پر اہمیت اجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا ۔ ایم او یو کے تحت سیمینار ز،ورکشاپس ،اکنامک ایگزیبیشن ، ریسرچ کانفرنسز،ریسرچ جرنلز، ایکسچینج پروگرام اور جوائنٹ ونچر کرنا ہے ، اس کے تحت بلوچستان کی ثقافت کو مختلف فیسٹیولز کے انعقاد کے ذریعے اجاگر کرنا ہے ۔

مزیدخبریں