(24نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار رہا، صبح سویرے دھند چھا جانے سے حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی جس کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹس شیڈول بھی متاثر ہوگیا۔
لاہور ,اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں دھند چھا جانے سے راستے دھندلا گئے۔صوبے کے دیگر علاقوں کندیاں، ظفروال، مانگا منڈی، پھولنگر، پتوکی کے علاوہ گوجرہ ، چنیوٹ، بھوانہ، رینالہ خورد اور نارنگ منڈی میں بھی دھند کے سبب ٹریفک کی روانی متاثررہی۔حد نگاہ 30میٹر تک رہ گئی، کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر تک ریکارڈ کی گئی۔شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم تھری کو لاہورسے عبدالحکیم، لاہور سے سمندری ، موٹروے ایم فورپنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ، فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا گیا۔ ترجمان نے ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔ادھر لاہور ایئرپورٹ کو بھی دھند کے سبب بند کر دیا گیا، فلائٹس کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافر وں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔