(24نیوز) سینٹ کا انتخابی معرکہ، 3 مارچ کو ہونے والی پولنگ میں شرکت کیلئے اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کے زیر حراست ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی گرما گرمی کے دوران ایوان کا ماحول بہتر بنانے کیلئے بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔اسدقیصر نے سینٹ انتخابات کے لئے قومی اسمبلی کے تمام زیر حراست اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے.اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، پارلیمانی لیڈر ن لیگ خواجہ آصف، پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ اور سابق فاٹا سے رکن اسمبلی علی وزیر بھی جیل میں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لئے اسپیکر کو درخواست کر دی گئی ہے۔ ۔ذرائع اپوزیشن لیڈر آفس کے مطابق ووٹ ڈالنا ہر رکن کا حق ہے، زیر حراست اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوں گے۔ سینٹ الیکشن کے لئے 3 مارچ کو قومی اسمبلی ہال میں پولنگ ہو گی اور 2 مارچ کی شام تک زیر حراست اراکین کو اسلام آباد پہنچادیا جائے گا۔