الیکشن اوپن ہوں یا سیکریٹ بکنے والا بک جاتا ہے: شیخ رشید

Feb 14, 2021 | 15:43:PM

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جس اسمبلی کو گالی دیتے ہیں اسی سے ووٹ مانگنے جارہے ہیں،مولانا فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی پیشکش واپس لیتا ہوں۔موسم بدل گیا،پی ڈی ایم بھی اپنی سوچ بدلے۔کسی کا ایک ووٹ کم یا زیادہ ہوگیا تو قیامت نہیں آجائے گی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ  بکنے والا مال کبھی اس منڈی میں کبھی اُس منڈی میں بکتا ہے،الیکشن اوپن ہوں یا سیکریٹ بکنے والا بک جاتا ہے۔اپوزیشن پرامن طور پر آئے تو کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔قانون کے دائرے سے نکلیں گے تو اسلام آباد پھر اسلام آباد ہوگا۔آنسو گیس کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔شیل چلا کر چیک کیا کہ چلتے ہیں یا نہیں۔یہ نہ ہو کہ آپ کو روزے بھی یہاں رکھوانا پڑیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فری میڈیا ایک ڈکٹیٹر نے کیا۔چیلنج کرتا ہوں برطانیہ اور امریکا میں بھی پاکستان جیسا آزاد میڈیا نہیں۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ میری بات آصف زرداری کو سمجھ آگئی ہے۔بلاول میرے دل کے قریب ہے اور میری بات دل سے سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا پاک فوج کی قربیانیاں ہی ہیں کہ جلسہ کررہے ہیں۔وہ مسلم لیگی ہی نہیں جو فوج کیخلاف بات کرتا ہے۔فوج کے خلاف بات کرنےوالوں کی زبان گدی سے کھینچ لینی چاہیے ۔جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے آج وہی انتشار پھیلا رہے ہیں۔پاکستان کی سیاست میں یہ لوگ بارودی سرنگیں بنے ہوئے ہیں

مزیدخبریں